ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب آننت واڑی میں ہوئے سڑک حادثے میں ایک اور خاتون کی موت؛ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ؛ اعلیٰ حکام نے لیا جائے واردات کا جائزہ

بھٹکل کے قریب آننت واڑی میں ہوئے سڑک حادثے میں ایک اور خاتون کی موت؛ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ؛ اعلیٰ حکام نے لیا جائے واردات کا جائزہ

Fri, 26 May 2017 12:06:12    S.O. News Service

بھٹکل 25/مئی (ایس او نیوز) آننت واڑی نیشنل ہائی وے  پر پیش آئے  ایک بھیانک سڑک حادثے میں منی پال میں ایڈمٹ ایک اور خاتون کی موت واقع ہوگئی ہے جس کی شناخت رُکمنی شیٹ (65) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔اس طرح اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر اب آٹھ ہوگئی ہے۔ حادثے میں بیس سے زائد لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں مزید دو لوگوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب قریب ایک بجے ایک تیز رفتار بس نے باراتیوں سے بھری ایک ٹمپو کو روند ڈالا تھا جس میں ٹمپو پر سوار دلہن سمیت سات افراد کی موت واقع ہوگئی تھی ۔  مرنے والوں میں بس ڈرائیور اور ٹمپو ڈرائیور بھی شامل ہیں، مگر دوپہر ہونے تک منی پال میں ایڈمٹ ایک اور خاتون کی موت واقع ہونے کی اطلاع ملی، اس طرح مرنے والوں کی تعداد اب آٹھ ہوگئی ہے۔

جمعرات شام قریب سات بجے تک بھٹکل میں موجود تمام چار لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعدلاشوں کو اُن کے لواحقین کے حوالے کیا گیا اور گھروالوں نے نمناک آنکھوں سے لاشوں کو لے کر داسن کوپا کے لئے روانہ ہوگئے۔

حادثے میں آٹھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پر پورا محکمہ ہل گیا ہے، ضلع کے ایس پی وسنت رائو پاٹل نے پہلے جائے واردات کا جائزہ لیا بعد میں اخبارنویسوں کو بتایا کہ اس میں بس ڈرائیور کی لاپرواہی نظر آرہی ہے اور  صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح بس  اپنے راستے سے ہٹ کر اس ٹمپو کو ٹکر ماری ہے، جس کے نتیجے میں اتنا بھیانک حادثہ رونما ہوا ہے۔ انہوں نے خاندان والوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

ویسٹرن رینج آئی جی پی ہری شیکھرن نے بھی بعد میں متعلقہ مقام پر پہنچ کر جائزہ لیا اور قبول کیا کہ نیشنل ہائی وے فورلائن کا کام شروع ہونے کے بعد سے یہاں حادثات کچھ زیادہ ہی ہورہے ہیں، انہوں نے بعد میں کنداپور اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی بھی عیادت کی اور مرنے والوں کے ورثاء کے ساتھ حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

بیلگام سے تشریف فرما روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ کے جوائنٹ کمشنر اوما شنکر نے بھی جائے واردات کا جائزہ لیتے ہوئے آئی آر بی کمپنی کی طرف سے ہائی وے کے کٹائو پر تشویش کا اظہار کیا کہ کہیں پر بھی کوئی سائن بورڈ تک نہیں لگایا گیاہے کہ راستہ آگے جاکر کس طرف مُڑتا ہے، انہوں نے اپنے نچلے آفسران کے ذریعے آئی آر بی کمپنی کو نوٹس جاری کرنے کا یقین دلایا اور مزید حادثات کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کا بھروسہ دلایا۔

اس سے قبل شائع رپورٹ:

بھٹکل کے قریب منکی آننت واڈی نیشنل ہائی وے پر بھیانک سڑک حادثہ؛ سات ہلاک 25 سے زائد زخمی

انگریزی رپورٹ:

Eight killed, more than 20 injured as bus rams into tempo on NH 66 near Bhatkal


Share: